نئی دہلی، 27 اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) قومی دارالحکومت کے صفدرجنگ انکلیو سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی کونسلر رادھیکا ابرول نے جمعہ کو تجویز پیش کی کہ ہمایوں پور گاؤں کا نام بدل کر ہنومان پوررکھا جائے۔ انہوں نے یہ تجویز جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن (ایس ڈی ایم سی) کے جنوبی زون کی زونل کمیٹی کی میٹنگ میں پیش کی۔ ابرول نے کہا کہ مغلیہ دور میں دہلی کے تمام گاؤں کے نام زبردستی تبدیل کئے گئے جس میں صفدرجنگ انکلیو کے وارڈ نمبر 61 میں واقع ہمایوں پور گاؤں بھی شامل ہے جو ایس ڈی ایم سی کے دائرہ کار میں شہری گاؤں کے زمرے میں آتا ہے۔
اپنی تجویز میں ابرول کا کہنا ہے کہ ہمایوں پور گاؤں کے لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے کہ اس کا نام بدل کر ہنومان پور رکھا جائے۔ گاؤں کے لوگوں کی مانگ اور جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے گاؤں کا نام تبدیل کرنا عوامی مفاد میں ہوگا۔تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسے مناسب کارروائی کے لیے شہری ادارے کی نامزد کمیٹی کو بھیجا جائے۔
یاد رہے کہ نام تبدیل کرنے کا سلسلہاگلے سال دہلی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں سامنے آرہا ہے ، جہاں بی جے پی کو 15 سال کے اقتدار مخالف کا سامنا ہے اور AAP بی جے پی کو تینوں ایم سی ڈی سے نکال باہر کرنے کےلئے پورا زورلگا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ایک دن پہلے ہی ایس ڈی ایم سی کے میئر مکیش سوریان نے محمد پور گاؤں کا نام بدل کر مادھو پورم کرنے کی پیشگی منظوری دی تھی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کو مانیں تو اربن گاؤں کا نام تبدیل کرنے کا حتمی اختیار دہلی حکومت کے پاس ہوتا ہے۔